ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بھٹکل جامعہ اسلامیہ میں امسال 31 طلبہ کے حفظ قرآن کی تکمیل پرخوبصورت اجلاس

بھٹکل جامعہ اسلامیہ میں امسال 31 طلبہ کے حفظ قرآن کی تکمیل پرخوبصورت اجلاس

Sat, 22 Apr 2017 18:51:12  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل 23 / اپریل (ایس او نیوز/پریس ریلیز)  جامعہ اسلامیہ اور اس کے جملہ مکاتب کے شعبہ حفظ سے سال رواں کل 31 طلبہ حفظ قرآن کی دولت سے سرفراز ہوئے، اس کے ساتھ شعبہ عالمیت کے درجہ ہفتم عربی میں زیر تعلیم محمد سلمان ابن محمد حسین علی باپو نے عالمیت کے ساتھ حفظ کی بھی تکمیل کی، ان حفاظ کے اعزاز میں تہنیت پیش کرنے کے لئے جامعہ اسلامیہ میں  25/ رجب المرجب 1438ھ مطابق 22/ اپریل 2017ء بروز سنیچر صبح ساڑھے دس بجے ایک تہنیتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ان تمام حفاظ نے اپنی خوش الحان آواز سے کلام پاک کی کچھ آیات تلاوت کی، مولانا صادق صاحب اکرمی ندوی کے ہاتھوں ان حفاظ کی تکمیل کرائی گئی جس کے دوران انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کلام الہی ہے جو سارے انسانوں کا ہادی و رہنما ہے، اس کلام کو اپنے سینوں میں محفوظ کرنا یقیناً یہ بڑی سعادت کی بات ہے۔

 اجلاس میں ذمہ داران جامعہ نے ان حفاظ کرام کی حفط کی تکمیل پر مسرت کا  اظہار کرتے ہوئے تمام حفاظ اور ان کے اساتذہ و سرپرستوں کو مبارکباد دی اور حفظ قرآن کے استحکام اور اس کی بقاء کی فکر پر توجہ دلائی اور فرمایا کہ قرآن مجید کا حفظ کرنا فضیلت اور اس کو مستحکم رکھنا فرض ہے۔ ساتھ ہی اپنے اخلاق و کردار کی اصلاح اور اپنے وقار کو سمجھتے ہوئے اپنا وضع قطع اسلامی بنانے کی ترغیب دی، نیز گناہوں سے بچنے، والدین کی اطاعت اور اعمال میں صالحیت پیدا کرتے ہوئے رب العالمین کی رضا حاصل کرنے کی وصیت کی۔

اس موقع پر مولوی سید احمد سالک برماور ندوی کی تحریر کردہ نظم باعزاز حفاظ جامعہ اسلامیہ بھٹکل کو  زفیف شنگیری نے اپنی مترنم آواز میں سنایا، اور قرآن پر لکھی گئی مشہور نظم قرآن کی فریاد کو عزیزم عبداللہ رازی نے خوش گلو آواز میں سنا کر سامعین کو محظوظ کیا، مولانا ایس ایم عرفان ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دئے، اختتام پر تمام طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔ بانی و  صدر جامعہ اسلامیہ جناب الحاج ڈاکٹر ملپا علی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی دعا پر جلسہ اختتام کو پہنچا۔

جامعہ اسلامیہ کے نائب صدر اور جماعت المسلمین بھٹکل کے قاضی مولانا اقبال ملا ندوی، جماعت المسلمین کے جنرل سکریٹری مولوی طلحہرکن الدین ندوی، رکن شوریٰ مولوی عبدالعلیم قاسمی ، مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی بھی اس موقع پرموجود تھے۔ اس کے علاوہ دیگر ذمہ داران جامعہ و اراکین شوریٰ اور تمام حفاظ کرام کے سرپرستان کے ساتھ شہر کے خواص و عوام کی  کثیر تعداد پروگرام میں شریک رہی۔ 

 


Share: